اسلام آباد (06 فروری 2026) — وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کل بسنت کی تمام مصروفیات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ لبرٹی اسکوائر پر ہونے والا میگا بسنت شو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہنا ضروری ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ خوارج پر کوئی رحم نہیں ہوگا اور پاکستان کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت ہو چکی ہے، جس نے افغانستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی تربیت حاصل کی اور متعدد بار افغانستان کا سفر کیا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود مختلف دہشتگرد گروہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور پاکستان میں ہر دہشتگردانہ کارروائی کے پیچھے افغانستان اور بھارت کے گٹھ جوڑ کا ہاتھ ہے۔
دھماکے کے نتیجے میں اب تک تقریباً 30 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
