اسلام آباد: معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر چین اور برازیل میں قائم پاکستانی سفارتخانوں میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جن میں سفارتی عملے، اوورسیز پاکستانیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
بھارت کا غرور خاک میں، پاک فوج کی کامیابیوں پر نیا ملی نغمہ جاری
چین میں پاکستانی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب کے شرکاء نے کہا کہ معرکۂ حق نے خطے میں امن، استحکام اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے حوالے سے ایک روشن مثال قائم کی ہے۔ اس موقع پر معرکۂ حق کے مختلف پہلوؤں پر مبنی ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جس میں اس دوران پیش آنے والے اہم واقعات اور قومی ردعمل کو اجاگر کیا گیا۔
دوسری جانب برازیل میں پاکستانی سفارتخانے میں بھی اسی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی، جس میں اوورسیز پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے قومی اتحاد اور یکجہتی کے پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرحدوں سے دور ضرور ہیں مگر دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، اور جہاں بھی ہوں پاکستان ان کی پہچان ہے۔
تقریبات کے دوران مقررین نے کہا کہ دنیا بھر میں معرکۂ حق کی یاد منانا اس بات کا ثبوت ہے کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف وطن سے جذباتی وابستگی رکھتے ہیں بلکہ قومی معاملات اور افواجِ پاکستان کے کردار پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی تقریبات بیرونِ ملک پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور عالمی سطح پر قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
