لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے سنسنی خیز فائنل میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں زلمی نے 130 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
کراچی: کیماڑی پولیس کی بڑی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ چھالیہ برآمد، 8 ملزمان گرفتار
میچ میں پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 56 رنز بنائے اور ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ عبدالصمد نے 48 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں کوشل مینڈس 9، محمد حارث 6، مائیکل بریسویل 4 جبکہ کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے محمد علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حنین شاہ اور عاکف جاوید نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پشاور زلمی کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم 18 اوورز میں 129 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ مارنس لبوشین 20، حسان خان 12، معاذ صداقت 11، حنین شاہ 9، عثمان خان 8، عاکف جاوید 5، عرفان خان 1، کوشل پریرا 1 جبکہ گلین میکسویل صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ناہید رانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سفیان مقیم اور محمد باسط نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
مجموعی طور پر فائنل میں پشاور زلمی نے بہترین آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
