کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KW&SC) کی جدید Unified App کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس ایپ کے اجرا سے واٹر کارپوریشن میں حقیقی معنوں میں ڈیجیٹل انقلاب آ گیا ہے اور اب شہریوں کے لیے تمام خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔
پاکستان اور قازقستان میں اسٹریٹجک پارٹنرشپ قائم، سیاسی، معاشی اور دفاعی روابط کے فروغ پر اتفاق
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق یہ اقدام میئر کراچی کی خصوصی ہدایت پر شہری سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں واٹر کارپوریشن کے سی ای او احمد علی صدیقی، سی او او انجینئر اسداللہ خان، سی ایف او عمار علی خان، چیف کمیونیکیشن آفیسر نوید صدیقی، سی آئی ٹی او سادات انور، سی سی او حارث سرفراز، سی آئی اے منہاج الرحمان، ون لنک کے سی ای او نجیب اگروالا سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
سی آئی ٹی او سادات انور نے میئر کراچی کو ایپ کے مختلف فیچرز، افادیت اور تکنیکی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ میئر کراچی نے کہا کہ “ایک ایپ، ایک نظام، ایک کراچی” کے وژن کے تحت شہری اب پانی اور سیوریج سے متعلق شکایات درج کرانے، بلوں کی ادائیگی، واٹر ٹینکرز کی بکنگ اور دیگر خدمات اسمارٹ فون کے ذریعے ایک ہی پلیٹ فارم سے حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ایپ اردو، انگریزی اور سندھی زبانوں میں دستیاب ہے اور اسے مکمل طور پر صارف دوست بنایا گیا ہے۔ رجسٹریشن اور تصدیق کا عمل آسان مراحل پر مشتمل ہے جبکہ او ٹی پی کے ذریعے صارفین فوری طور پر اپنا اکاؤنٹ فعال کر سکتے ہیں۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ آٹومیشن اور ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے واٹر کارپوریشن کو سالانہ کروڑوں روپے کی بچت متوقع ہے، جبکہ بلنگ نظام کو ون لنک پلیٹ فارم پر منتقل کرنے سے شفافیت اور ریونیو میں اضافے کی امید ہے۔ شہری ایپ کے ذریعے اپنی درخواستوں کی صورتحال اور دستیاب سہولیات سے متعلق مکمل معلومات بھیйں حاصل کر سکیں گے۔
اسی موقع پر میئر کراچی نے اعلان کیا کہ اسٹیل ٹاؤن میں 50 کروڑ روپے کی لاگت سے پانی کی لائنوں کی تنصیب کا کام آج شروع کیا جا رہا ہے، جو رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل ٹاؤن میں محنت کش طبقہ رہائش پذیر ہے اور انہیں پانی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز پر واٹر کارپوریشن کے 12 ارب روپے واجب الادا ہیں، جن کی وصولی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو الزامات نہیں بلکہ عملی کام درکار ہے، اور جہاں بھی شکایات سامنے آئیں گی وہاں شفاف تحقیقات کرائی جائیں گی۔
میئر کراچی کے مطابق شفافیت بڑھانے کے لیے واٹر کارپوریشن میں SAP سسٹم نافذ کیا گیا ہے، جس کے ذریعے جعلی بھرتیوں کی نشاندہی ممکن ہوئی ہے اور تمام اخراجات اسی نظام کے تحت لائے جا رہے ہیں۔ اصلاحات کے نتیجے میں جنوری 2026 تک واٹر کارپوریشن کے اکاؤنٹ میں دو ارب بیس کروڑ روپے جمع ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ KWSSIP کا دفتر بھی آئندہ چند ہفتوں میں واٹر کارپوریشن منتقل کر دیا جائے گا، جس سے منصوبہ بندی اور رابطہ کاری میں بہتری آئے گی۔
آخر میں میئر کراچی نے واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ اور پوری ٹیم کو ڈیجیٹل اصلاحات اور خدمات میں بہتری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہتر، شفاف اور مؤثر سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ KW&SC Unified App ڈاؤنلوڈ کر کے سہولیات سے فائدہ اٹھائیں، جبکہ مزید معلومات کے لیے واٹر کارپوریشن کی ہیلپ لائن 1334 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

