پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مختلف اہم شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) اور معاہدوں کا باضابطہ تبادلہ کر لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ قازقستان قاسم جومارت توکایووف نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔
میئر کراچی کا KW&SC Unified App کا افتتاح، واٹر کارپوریشن میں ڈیجیٹل انقلاب کا آغاز
دونوں ممالک کے درمیان کان کنی اور پیٹرولیم، میری ٹائم، کسٹم، ریلوے، ٹرانزٹ ٹریڈ، پلانٹ پروٹیکشن و ویٹرنری، مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیجیٹل ترقی کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے امن دستوں میں تعاون اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے کی دستاویزات بھی طے پا گئیں۔
اس موقع پر قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے۔ قبل ازیں ان کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مصافحہ ہوا اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا گیا۔
تقریب کے آغاز پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ صدر قاسم جومارت توکایووف نے اپنے وفد کا وزیراعظم شہباز شریف سے تعارف بھی کروایا۔
ذرائع کے مطابق قازق صدر کا یہ دورہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان سیاسی، معاشی اور اسٹریٹجک تعاون کو نئی جہت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
