کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایسٹ زون تھانہ گلستانِ جوہر پولیس نے خفیہ اطلاع پر گلشنِ اقبال بلاک 11 میں کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے قتل، ڈکیتی، راہزنی اور پولیس مقابلوں میں ملوث دو انتہائی خطرناک اور مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پاکستان اور قازقستان میں اسٹریٹجک پارٹنرشپ قائم، سیاسی، معاشی اور دفاعی روابط کے فروغ پر اتفاق
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت راشد ولد واجد اور اسرار ولد تاج کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والی دو عدد 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن اور ایک سرقہ شدہ موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے زیرِ استعمال برآمد ہونے والی بلا نمبری موٹر سائیکل تھانہ مبینہ ٹاؤن کے علاقے سے سرقہ کی گئی تھی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
حکام کے مطابق دونوں ملزمان قتل، مسلح ڈکیتی، پولیس پر فائرنگ، اقدامِ قتل اور دیگر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات میں نامزد اور مطلوب تھے، جو مختلف تھانوں میں درج ہیں۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری سے جرائم پیشہ عناصر کے نیٹ ورک کے حوالے سے اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

