کراچی: ایف آئی اے کراچی زون نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائیاں ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایات پر مسلسل جاری ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اپوزیشن سے مذاکرات کا اعادہ، سیاسی استحکام کے لیے بات چیت پر آمادگی
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے ایم اے جناح روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تین افراد کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان میں محمد رضا، احمد رضا اور محمد اویس شامل ہیں، جو بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی، جس میں 5 ہزار امریکی ڈالر، 16 ہزار 540 یو اے ای درہم، 1 ہزار 60 سعودی ریال، 1 ہزار 296 آر ایم بی، 7 ہزار 10 افغانی اور 9 لاکھ 24 ہزار 500 پاکستانی روپے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ملزمان کے قبضے سے 7 موبائل فونز، ایک لیپ ٹاپ، مختلف رجسٹرز اور چیک بکس بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمان سے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق اہم ڈیجیٹل شواہد بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

