اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے لیے بات چیت ناگزیر ہے، اپوزیشن کو پہلے بھی مذاکرات کی دعوت دی تھی اور اب بھی حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے۔
یوٹیوب: پاکستانی تخلیق کار تیزی سے عالمی ڈیجیٹل طاقت بن رہے ہیں
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی مجموعی معاشی، سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
اجلاس میں کابینہ کمیٹیوں کے حالیہ فیصلوں کی توثیق کی گئی، جبکہ وزیراعظم نے اپنے غیر ملکی دوروں اور عالمی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا اور ان ملاقاتوں کے ثمرات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے اپوزیشن کے ساتھ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد اور سیاسی استحکام کے لیے بات چیت ضروری ہے۔ انہوں نے کابینہ کو بتایا کہ حکومت اختلافات کے باوجود مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنا چاہتی ہے۔
وفاقی کابینہ نے فیلڈ مارشل کو سعودی عرب کی جانب سے اعلیٰ اعزاز ملنے پر مسرت کا اظہار کیا اور اس اعزاز کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے یہ نوجوان مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کریں گے۔ کابینہ نے مجموعی ملکی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور ترقی و استحکام کے لیے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔
