سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے گل پلازہ میں 17 جنوری 2026 کو پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔
سندھ حکومت کی درخواست پر 29 جنوری کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو خط لکھنے کے بعد عدالت نے سندھ ٹریبونلز آف انکوائری آرڈیننس 1969 اور حکومت کی جانب سے جمع کروائے گئے ٹرمز آف ریفرنس کی بنیاد پر کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ جوڈیشل کمیشن کا سربراہ جسٹس آغا فیصل ہوں گے اور کمیشن گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے اور اس کی وجوہات کی جامع تحقیقات کرے گا۔
سندھ حکومت کمیشن کی مدت اور دیگر تفصیلات نوٹیفائی کرے گی۔ سندھ ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ واقعے سے متعلق تمام دستاویزات جسٹس آغا فیصل کے روبرو پیش کی جائیں اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ میں 70 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے، جس نے ملک بھر میں ہنگامی اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے تشویش پیدا کی تھی۔
