اسلام آباد: انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) کے زیرِ اہتمام اور انٹر ایجنسی ٹاسک فورس (IATF) کے پلیٹ فارم سے، اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے انسدادِ منشیات و جرائم (UNODC) اور بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ افیئرز (INL) کے تعاون سے پاکستان میں ڈرگ انفارمیشن فیوژن سسٹم (DIFS) کے قیام کے لیے پانچ روزہ ورکشاپس کامیابی سے مکمل ہو گئیں۔
آرام باغ پولیس کی کارروائی، لاکھوں روپے کا چوری شدہ سامان برآمد، 2 ملزمان گرفتار
یہ ورکشاپس نیشنل کاؤنٹر نارکوٹکس کوآرڈینیشن سینٹر (NCNC2) کے قیام کی تیاریوں کا حصہ تھیں، جن میں ملکی و غیر ملکی اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ ورکشاپس کا مقصد DIFS پر اتفاق رائے پیدا کرنا تھا، جو انٹیلی جنس کے تبادلے اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو بہتر بنانے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ہوگا۔ حکام کے مطابق اس کا قیام انسدادِ منشیات کے ایک متحد فریم ورک کی تشکیل میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
اختتامی سیشن میں سیکرٹری IATF نے یو این او ڈی سی اور آئی این ایل کا تکنیکی و مادی معاونت پر شکریہ ادا کیا اور شرکاء کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسدادِ منشیات اقدامات کی کامیابی ہم آہنگی، مشترکہ ذمہ داری اور پوری قوم کی شمولیت پر منحصر ہے۔
ورکشاپس کے نتائج آئندہ ماہ پالیسی سطح کے اجلاس میں پیش کیے جائیں گے تاکہ قومی سطح پر ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ سیکریٹری نے اعادہ کیا کہ انسدادِ منشیات فورس، IATF کے پلیٹ فارم کے تحت مشن کی قیادت جاری رکھے گی لیکن اس کامیابی کے لیے تمام شراکت داروں کا اجتماعی عزم ضروری ہے۔
ورکشاپس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ شرکاء پاکستان میں انسدادِ منشیات کے اقدامات کو مضبوط بنانے کے لیے متحد رہیں گے تاکہ نوجوان نسل اور معاشرے کو محفوظ بنایا جا سکے۔

