کراچی — یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کے مرکزی دفتر نارتھ ناظم آباد سخی حسن سے عظیم الشان ریلی کا اہتمام کیا گیا، جس میں ضلع وسطی انتظامیہ کے افسران، ملازمین، بلدیاتی اہلکار، اسکول ٹیچرز اور عام عوام نے بھرپور شرکت کی۔
سعید غنی کا یومِ یکجہتی کشمیر پر عزمِ حمایت کا اعادہ: کشمیری عوام کی آزادی تک ساتھ رہیں گے
ریلی کے دوران شرکاء نے کشمیری اور پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے کشمیر کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر کے مرکزی دفتر سے ہوا اور سخی حسن مین روڈ سے گزرتے ہوئے واپس دفتر پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے راستے کے اطراف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستے بھی موجود تھے تاکہ امن و امان قائم رہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا اور مظلوم کشمیری جلد آزادی کا سورج دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری عوام کی حقِ آزادی زیادہ عرصہ غصب نہیں رکھ سکے گی اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کامیابی سے ضرور ہمکنار ہوگی۔
