کراچی: شہر قائد میں بدعنوانی کے الزامات پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کے سب انسپکٹر محمد ارشد مغل کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔ یہ کارروائی سوشل میڈیا پر ایک مبینہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی، جس میں افسر پر رشوت لینے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات سامنے آئے تھے۔
اسٹیل مل سے قیمتی دھات چوری کرنے والے 2 ملزمان گرفتار
تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک نجی پارٹی کے ذریعے ملزم کو گرفتار کروایا اور بعد ازاں مبینہ طور پر رشوت لے کر اسے چھوڑ دیا۔ اس کے علاوہ متعلقہ افسر کے خلاف بغیر پیشگی اطلاع ایک شہری کے گھر پر چھاپہ مارنے کی شکایت بھی درج کی گئی ہے، جس پر اعلیٰ حکام نے سخت نوٹس لیا۔
کراچی پولیس کے ایس ایس پی اے وی ایل سی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر معطلی کا حکم جاری کیا اور شفاف تحقیقات کے لیے باقاعدہ محکمانہ انکوائری شروع کر دی۔ حکم نامے کے مطابق انکوائری مکمل ہونے تک سب انسپکٹر محمد ارشد مغل ایس ایس پی آفس میں رپورٹ کریں گے اور کسی بھی فیلڈ ڈیوٹی کی انجام دہی کے مجاز نہیں ہوں گے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری میرٹ پر مکمل کی جائے گی اور اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو متعلقہ افسر کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب قواعد کے مطابق معطل افسر دورانِ انکوائری تنخواہ اور الاؤنسز حاصل کرتے رہیں گے۔
شہری حلقوں نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فورس میں احتساب کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال رکھا جا سکے۔

