کراچی (18 فروری 2026): ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان کی صدارت میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس پی لیاقت آباد ڈویژن، ایس پی گلبرگ ڈویژن، متعلقہ ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور برانچ انچارجز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور گزشتہ 15 دنوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایس ایس پی نے انسداد جرائم کے حوالے سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھنے اور منشیات فروشوں اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹولرنس پالیسی اپنانے کی ہدایات جاری کیں۔
خصوصاً رمضان المبارک کے دوران اسٹریٹ کرائم کی روک تھام اور اسٹریٹ کریمنلز کے خلاف مؤثر اور نتیجہ خیز کارروائی پر زور دیا گیا۔ ایس ایس پی نے ہدایت دی کہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور تاجروں کے ساتھ رابطہ مضبوط کر کے پولیس کیمپ قائم کیے جائیں، اسنیپ چیکنگ کے اوقات اور اسمارٹ طریقہ کار کو مؤثر بنایا جائے اور شاہین فورس کو اسٹریٹ کرائم کے تدارک کے لیے بھرپور استعمال کیا جائے۔
اجلاس میں تھانہ جات کی عمارتوں، فرنیچر اور سرکاری گاڑیوں کی باقاعدہ مینٹیننس کو یقینی بنانے، ناقص کارکردگی والے افسران کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کرنے اور مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سخت احکامات صادر کیے گئے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کو تعریفی اسناد دی جائیں گی اور خراب کارکردگی پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
