کراچی: ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ہاشم مسعود کی سربراہی میں جمشید کوارٹرز میں انسدادِ تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی گئی۔ آپریشن کے دوران سافٹ اور ہارڈ دونوں نوعیت کی تجاوزات کو ہٹایا گیا۔
کراچی: سندھ حکومت کا ڈرائیونگ لائسنس کے لیے پری لائسنس ٹریننگ لازمی قرار
اسسٹنٹ کمشنر ہاشم مسعود کے مطابق چاندنی چوک میں کیے گئے خصوصی آپریشن کے دوران 11 دکانوں کو سرکاری احکامات کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا، جبکہ تین افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چاندنی چوک کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک کر دیا گیا ہے۔ تجاوزات کے باعث شہریوں کو پیدل چلنے میں شدید مشکلات کا سامنا تھا اور فٹ پاتھوں پر غیر قانونی قبضے عوامی آمدورفت میں رکاوٹ بن رہے تھے۔
آپریشن کے دوران دو غیر قانونی دیواریں بھی مسمار کی گئیں، جو سرکاری اراضی پر تعمیر کی گئی تھیں اور تجاوزات مافیا نے قبضہ جما رکھا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر ہاشم مسعود نے واضح کیا کہ تجاوزات اور غیر قانونی قبضے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور شہر میں قانون کی عملداری ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

