ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شرپسندوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دو کسٹم اہلکار زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
کراچی: لوکل گوررنمنٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کا پہلا دفتر میئر اور ڈپٹی میئر کی شرکت سے افتتاح
پولیس حکام کے مطابق تھانہ یارک پر نامعلوم مسلح افراد نے اچانک حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس کی فوری جوابی کارروائی پر حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہوتے ہوئے شرپسندوں نے قریبی کسٹم چیک پوسٹ کو بھی نشانہ بنایا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں دو کسٹم اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔
ڈی آئی جی سید انور حسین نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ اعجاز شہید پولیس لائن میں ادا کر دی گئی ہے، جبکہ ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کر دی گئی ہے اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسی سرکل میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پر بھی حملہ ہوا تھا، جس میں ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔ حالیہ واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں نگرانی مزید بڑھا دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
