کراچی کے ایسٹ زون میں تھانہ محمود آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر اعظم ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی کے ذریعے دکانوں سے خریداری کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔
موچکو میں پولیس مقابلہ، انتہائی مطلوب موٹر سائیکل چور ہلاک، سات چھینی ہوئی بائیکس برآمد
پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ایک مرد ملزم اور دو خواتین کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شہزاد ولد رونق علی، ملزمہ بشریٰ زوجہ شہزاد اور نوشین کرن دختر شوکت علی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک لاکھ چالیس ہزار روپے مالیت کے جعلی نوٹ اور ایک غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان مختلف علاقوں میں دکانوں سے اشیائے ضروریہ اور دیگر سامان خرید کر جعلی نوٹ تھما دیتے تھے اور بعد ازاں موقع سے فرار ہوجاتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جبکہ یہ بھی جانچ کی جارہی ہے کہ آیا گروہ کا تعلق کسی بڑے نیٹ ورک سے تو نہیں۔ مزید انکشافات کے لیے تفتیش کا عمل جاری ہے۔
