کراچی: پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں جنوری 2026 کے دوران ماہانہ بنیاد پر 14.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم مالی سال کے پہلے سات ماہ میں شعبے کی مجموعی کارکردگی مضبوط رہی اور 19 فیصد اضافہ سامنے آیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان: تھانہ یارک پر حملہ، ایک پولیس اہلکار شہید، دو کسٹم اہلکار زخمی
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025 میں آئی ٹی ایکسپورٹس 437 ملین ڈالر تھیں جو جنوری 2026 میں کم ہو کر 374 ملین ڈالر رہ گئیں۔ اس طرح ایک ماہ کے دوران نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
تاہم مالی سال 2025-26 کے جولائی تا جنوری کے عرصے میں آئی ٹی برآمدات 2 ارب 61 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے 2 ارب 17 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہیں۔
سالانہ بنیاد پر بھی مثبت رجحان برقرار رہا۔ جنوری 2025 میں آئی ٹی برآمدات 313 ملین ڈالر تھیں جبکہ جنوری 2026 میں یہ بڑھ کر 374 ملین ڈالر ہو گئیں، جو 19 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق ماہانہ اتار چڑھاؤ کے باوجود آئی ٹی شعبہ پاکستان کی برآمدات میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مجموعی طور پر اس کی ترقی کا رجحان برقرار ہے۔
