نوجوانوں کی قومی تربیت اور دفاعی شعور کے فروغ کے سلسلے میں انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے سرمائی تربیتی پروگرام 2026 کے تحت انٹرنز کے لیے خصوصی مطالعاتی دورے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ دورہ جی او سی گوادر کی رہنمائی میں منعقد ہوا جس کا مقصد نوجوانوں کو ملکی دفاع، بندرگاہی نظام اور بحری آپریشنز سے عملی آگاہی فراہم کرنا تھا۔
محمود آباد میں جعلی کرنسی سے خریداری کرنے والا گروہ گرفتار، ڈیڑھ لاکھ کے قریب جعلی نوٹ برآمد
شرکاء کو سب سے پہلے گوادر بندرگاہ کا دورہ کروایا گیا جہاں بندرگاہ کے انتظامی، تجارتی اور سیکیورٹی نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بندرگاہ کی اسٹریٹجک اہمیت، علاقائی تجارت میں کردار اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔ طلبہ نے مختلف امور پر سوالات کیے اور بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
دورے کے دوسرے مرحلے میں انٹرنز کو پاک بحریہ کے جنگی جہازوں پی این ایس ذوالفقار اور پی این ایس اسلت کا دورہ کروایا گیا۔ بحری افسران نے جہازوں کی دفاعی صلاحیتوں، جدید اسلحہ نظام اور سمندری سرحدوں کے تحفظ میں ان کے کردار پر بریفنگ دی۔ طلبہ کو جہازوں کے مختلف حصوں کا عملی معائنہ بھی کروایا گیا جس سے انہیں بحری آپریشنز کی عملی سمجھ حاصل ہوئی۔
دورے کے دوران کشتی رانی کا بھی اہتمام کیا گیا جس سے شرکاء نے بھرپور لطف اٹھایا اور سمندری ماحول کا عملی تجربہ حاصل کیا۔ پروگرام کے اختتام پر طلبہ نے اسے معلوماتی، متاثر کن اور سیکھنے کا بہترین موقع قرار دیا۔
آئی ایس پی آر حکام کے مطابق ایسے پروگراموں کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی، پیشہ ورانہ آگاہی اور قومی اداروں کے کردار سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔
