وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ورلڈ بینک کے ریجنل وائس پریذیڈنٹ عثمان دیون سے اہم ملاقات

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ورلڈ بینک کے ریجنل وائس پریذیڈنٹ عثمان دیون نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں سندھ اور ورلڈ بینک کے درمیان پانی، صحت اور سماجی تحفظ کے جاری و مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ اور ورلڈ بینک کے درمیان پانی، صحت اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں شراکت داری مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا بیکن ہاؤس گولڈن جوبلی سے خطاب، 50 سالہ تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین

ملاقات میں صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ، جام خان شورو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، پیپلز ہاؤسنگ پروجیکٹ کے خالد شیخ اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔ ورلڈ بینک کے وفد میں کنٹری ڈائریکٹر مس بولورما امگابزار، منیجر آپریشنز گیلیس ڈراگلس اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔

اجلاس میں سندھ میں ورلڈ بینک کے تحت جاری منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ کا فیز ون 2026 میں مکمل کیا جائے گا، جبکہ واٹر بورڈ فیز ٹو کے تحت 1.2 ارب ڈالر کے پانی کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

سید مراد علی شاہ نے کے فور آگمینٹیشن اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں میں ورلڈ بینک کے تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے دیہی علاقوں میں اسٹارز واش پروگرام کے تحت واش رومز کی تعمیر جاری ہے۔ اجلاس میں دیہی علاقوں میں صاف پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کے منصوبوں میں مزید تیزی لانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ انٹیگریٹڈ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پروجیکٹ کے تحت 15 اضلاع میں بچوں میں اسٹنٹنگ کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ایس آئی ایچ پی پی کے تحت ملٹی پل مائیکرو نیوٹرینٹ سپلیمنٹس کی خریداری اور 60 ایمبولینسز کی فراہمی پر بھی بات چیت کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں میں اسٹنٹنگ کا خاتمہ سندھ حکومت کی اخلاقی اور معاشی ترجیح ہے۔

عثمان دیون نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں سندھ ورلڈ بینک کا کلیدی شراکت دار ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ماں اور بچہ سپورٹ پروگرام کے لیے سماجی تحفظ کے فنڈز 58.31 ملین ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، جبکہ سندھ حکومت اور ورلڈ بینک سماجی تحفظ کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کا پانی اور سیوریج سسٹم شہر کے لیے نہایت اہم ہے اور سندھ حکومت ان منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اجلاس میں نیشنل سی پی ایف ورکشاپ کے لیے سندھ اور ورلڈ بینک کے درمیان ترجیحات اور لائحہ عمل پر مشاورت مکمل ہونے کے ساتھ وفاقی و صوبائی ہم آہنگی بہتر بنانے اور منصوبوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ صرف معاہدوں پر دستخط کا معاملہ نہیں بلکہ اصل مقصد عوام تک خدمات کی مؤثر فراہمی ہے، جبکہ ورلڈ بینک کے وائس پریذیڈنٹ عثمان دیون نے کہا کہ ہر ڈالر کو بہتر سروسز اور نئے معاشی مواقع میں بدلنا ہمارا ہدف ہے۔ اجلاس میں سندھ کے پانی، صحت اور سماجی تحفظ کے منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے حتمی ٹائم لائنز بھی مقرر کی گئیں۔

61 / 100 SEO Score

One thought on “وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ورلڈ بینک کے ریجنل وائس پریذیڈنٹ عثمان دیون سے اہم ملاقات

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!