اسلام آباد میں یورپی یونین کے سفیر برائے پاکستان ایچ ای مسٹر رائمونڈاس کاروبلس نے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اور انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی، جس میں انسانی حقوق سے متعلق اصلاحات، ان کے مؤثر نفاذ اور پاکستان و یورپی یونین کے مابین جاری تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
امریکا نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیسنگ معطل کر دی
وفاقی وزیر نے انسانی حقوق کے شعبے میں یورپی یونین کی مسلسل شمولیت اور معاونت کو سراہتے ہوئے وزارتِ انسانی حقوق اور یورپی یونین کے وفد کے درمیان جاری پروگرام “پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ کا منصوبہ – مرحلہ دوم (ای یو حقوقِ پاکستان دوم)” کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ حکومتی انسانی حقوق کے ڈھانچوں، قومی اداروں کے استحکام، انسانی حقوق کی تعلیم و آگاہی، کاروبار اور انسانی حقوق، اور مؤثر پالیسی نفاذ پر مرکوز ہے۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے نومبر 2025 میں ہونے والے جی ایس پی پلس مانیٹرنگ مشن کے دوران زیرِ بحث آنے والے امور پر پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والی بات چیت سے بھی سفیر کو آگاہ کیا اور جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیر نے قومی ایکشن پلان برائے انسانی حقوق (NAP-HR) پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس پر قانونی و پالیسی اصلاحات، انصاف تک رسائی، انسانی حقوق کی ترجیحات کے نفاذ، بین الاقوامی معاہداتی ذمہ داریوں کی تکمیل، قومی اداروں کے استحکام اور وفاقی و صوبائی سطح پر مؤثر نگرانی و رابطہ کاری کے ذریعے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے قومی کمیشن برائے تحفظِ اقلیت ایکٹ 2025 کی منظوری اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے آزاد اور بااختیار ادارہ جاتی نظام کے قیام کے حکومتی عزم پر بھی روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2025 کی منظوری کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس قانون کے تحت شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے۔
یورپی یونین کے سفیر نے پاکستان میں کی جانے والی اہم قانونی اصلاحات کو سراہتے ہوئے پاکستان پینل کوڈ میں کی گئی ان ترامیم کی تعریف کی جن کے تحت بعض جرائم میں سزائے موت کے دائرہ کار کو محدود کیا گیا ہے۔ انہوں نے قومی کمیشن برائے تحفظِ صحافیان و میڈیا پروفیشنلز کے قیام اور قومی انسانی حقوق کمیشنز کی آزادی و مؤثر فعالیت کے لیے حکومتی اقدامات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے انسانی حقوق کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھنے کے یورپی یونین کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پاکستان۔یورپی یونین انسانی حقوق مکالمے کے تحت قریبی تعاون، تعمیری روابط اور مثبت نتائج کے حصول پر اتفاق کیا۔

