عوامی کالونی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے موبائل فونز کے IMEI نمبر تبدیل کر کے فروخت کرنے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ پیش رفت گزشتہ روز گرفتار اسٹریٹ کرمنل مزمل کے دورانِ تفتیش انکشافات کی بنیاد پر ممکن ہوئی۔
امریکا نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیسنگ معطل کر دی
پولیس کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرمنل مزمل کی نشاندہی پر ایک دکاندار اور IMEI تبدیل کرنے والے دو ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں عثمان اور ارسلان شامل ہیں۔ تحقیقات کے مطابق مزمل اور اس کے ساتھی لوٹ مار کے دوران چھینے گئے موبائل فونز ملزم ارسلان کو فراہم کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم ارسلان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ موبائل فونز کے IMEI نمبر تبدیل کر کے انہیں سستے داموں فروخت کرتا تھا، جبکہ اس کا ساتھی عثمان بھی IMEI تبدیل کرنے میں ماہر ہے۔ ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ وہ اب تک 30 سے 35 موبائل فونز فروخت کر چکا ہے۔
ایس ایچ او عوامی کالونی ملک عامر کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 36 موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں جبکہ IMEI تبدیل کرنے کا مکمل سسٹم بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
