انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ونٹر انٹرن شپ 2026 کا شاندار آغاز ہو گیا ہے۔ یہ انٹرن شپ پروگرام ملک کے 25 شہروں میں قائم 27 مختلف اسٹیشنز پر 12 جنوری سے 20 فروری تک منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں پاکستان بھر سے 4500 سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔
کراچی ٹریفک کے سلگتے مسائل اور حل پر مذاکرہ، ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ کا تفصیلی خطاب
اس انٹرن شپ کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو فکری، تعلیمی اور قومی سطح پر مضبوط بنانا ہے تاکہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ پروگرام کے دوران طلبہ و طالبات کو قومی سلامتی، ملکی چیلنجز اور عصرِ حاضر کے اہم موضوعات پر خصوصی لیکچرز دیے جائیں گے۔
انٹرن شپ کا ایک اہم حصہ مختلف فوجی تنصیبات کے مطالعاتی دورے بھی ہیں، جہاں طلبہ کو عملی مشاہدے کے ذریعے ادارہ جاتی نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
انٹرن شپ میں شریک طلبہ و طالبات نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام نوجوان نسل کی فکری و عملی تربیت کے لیے انتہائی ضروری ہیں، کیونکہ یہ انہیں سیکھنے، غور و فکر کرنے اور عملی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ طلبہ کے مطابق اب تک انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے، کئی غلط فہمیاں دور ہوئی ہیں اور وہ آئندہ سیشنز میں مزید سیکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
طلبہ نے پاک فوج سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور فوج ایک ہیں اور ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے یکساں جذبے سے کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
