ٹی 20 ورلڈ کپ ایک بار پھر تنازعات کی زد میں آ گیا ہے، جہاں بنگلادیش کی میگا ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے غیریقینی صورتحال برقرار ہے۔ بنگلادیش ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں، اس بارے میں حتمی فیصلہ آج متوقع ہے۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی، ہنڈریڈ انڈیکس 189 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کو ورلڈ کپ سے متعلق فیصلے کے لیے آج تک کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کے مؤقف کو ایک بار پھر دہرایا ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد بنگلادیش کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے۔
بنگلادیشی اسپورٹس مشیر نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلادیش بھارت اور آئی سی سی کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹیم بھارتی سرزمین پر کھیلنے کے لیے تیار نہیں، جبکہ سری لنکا کو متبادل وینیو بنانے کا مطالبہ اب بھی برقرار ہے۔
غیریقینی حالات کے باعث بنگلادیشی کھلاڑی بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان لٹن داس کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں کہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں یا نہیں۔
