کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بڑی اور اہم کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم زینبیون بریگیڈ سے تعلق رکھنے والے 4 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا ایک روزہ دورۂ کوئٹہ، ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی ٹیکنیکل بنیادوں پر کی گئی، جس کے دوران فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث چار دہشتگردوں کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار دہشتگردوں میں رعایت حسین عرف حمزہ عرف مولوی شامل ہے، جسے کالعدم زینبیون بریگیڈ کا سرغنہ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر گرفتار ملزمان میں حسین املاق، ساجد علی اور محمد عسکری شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد ٹارگٹ ملنے پر مطلوبہ افراد کو مذہبی بنیادوں پر قتل کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے چار پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئی ہیں۔
دورانِ تفتیش دہشتگردوں سے ان افراد کی فہرست بھی برآمد ہوئی ہے جنہیں مذہبی بنیادوں پر نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان نے بلدیہ نمبر 7 کے علاقے میں ایک نمازی کو فائرنگ کرکے قتل کیا، جبکہ سال 2024 میں جوبلی کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں ایک موذن کو زخمی کیا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد شہر میں ہونے والی متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
