کراچی — 05 فروری 2026 متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد سے متصل پارک میں یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ایک عظیم الشان اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں حریت رہنماؤں، معززین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز حافظ محمد ناصر کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا گیا۔
دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، کراچی کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر کی آزادی تک قیامِ پاکستان کا ایجنڈا ادھورا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے انسانی حقوق کی پامالی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو ان کی امنگوں کے مطابق جینے کا حق دیا جانا عالمی ذمہ داری ہے۔
سینئر رہنما نسرین جلیل نے کہا کہ کشمیری ماؤں، بہنوں اور بچوں کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ بھارتی جبر و استبداد کشمیریوں کے جذبۂ حریت کو کبھی دبا نہیں سکتا اور ظلم کی یہ سیاہ رات جلد ختم ہو گی۔
مرکزی رہنما سید حیدر عباس رضوی نے خطاب میں کہا کہ 5 فروری محض ایک دن نہیں بلکہ غاصب بھارت کے خلاف تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ ایم کیو ایم کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ پوری قوت سے لڑتی رہے گی۔ انہوں نے بھارت کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
تقریب میں آزاد کشمیر سے آئے ہوئے معززین اور حریت رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور کشمیری عوام کے عزم، استقامت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے کشمیریوں کا درد پورا پاکستان اپنے دل میں محسوس کرتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کے شہداء کے درجات کی بلندی، بھارتی تسلط سے نجات اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر مرکزی رہنماؤں کے ساتھ قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین اور پارٹی ذمہ داران بھی موجود تھے۔

