ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم کی سربراہی میں اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد اسامہ بن اشرف نے ناظم آباد کی قدیم اور مصروف گول مارکیٹ کو ماڈل مارکیٹ میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا۔ یہ منصوبہ کمشنر کراچی کے احکامات کے مطابق دن رات نافذ کیا جا رہا ہے۔
جیکب آباد نابینا قلی کی وائرل ویڈیو پر وزیر ریلوے حنیف عباسی کا نوٹس بیٹے کو ملازمت اور مالی معاونت کا اعلان
ماڈل مارکیٹ منصوبے کا بنیادی مقصد شہریوں کو صاف، کشادہ، منظم اور خوبصورت تجارتی ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ خرید و فروخت، پیدل آمد و رفت اور ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے۔
اسامہ بن اشرف نے بتایا کہ سب سے پہلے گول مارکیٹ میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور تمام دکانوں کو ان کی قانونی حدود میں لایا جا رہا ہے تاکہ فٹ پاتھ اور سڑک پر غیر قانونی قبضہ ختم ہو اور شہریوں کو آسانی ملے۔
مارکیٹ کی ظاہری خوبصورتی کے لیے دکانوں کے سائن بورڈز کو یکساں سائز، ڈیزائن اور معیار کے مطابق ترتیب دیا جائے گا، جس پر قومی پرچم کو نمایاں کیا جائے گا اور دکانوں کے نام واضح انداز میں درج ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر طحہ سلیم نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ منصوبہ کامیابی سے مکمل ہو۔ آئندہ مراحل میں مارکیٹ کی صفائی، روشنی، نکاسیٔ آب اور دیگر سہولیات کو بہتر بنانے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
شہریوں اور تاجروں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ماڈل مارکیٹ منصوبہ علاقے کی معاشی سرگرمیوں اور کراچی کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کرے گا۔

