کراچی، 27 دسمبر 2025: پاکستان نیول اکیڈمی، کراچی میں 124ویں مڈشپ مین اور 32ویں شارٹ سروس کمیشن (ایس ایس سی) کورس کی کمیشننگ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 90 مڈشپ مین اور 34 ایس ایس سی کیڈٹس نے پاس آؤٹ کیا۔ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی کمانڈر رائل بحرین نیول فورس، ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل نوید اشرف نے کیا۔
کراچی کے کارساز میں فلیٹ میں آتشزدگی ریسکیو 1122 نے لوگوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا
مہمانِ خصوصی، جو خود بھی پاکستان نیول اکیڈمی کے فارغ التحصیل ہیں، نے پریڈ کے معائنے کو اپنے لیے باعث فخر قرار دیا اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم علاقائی طاقت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کے کیڈٹس کو تربیت فراہم کرنے کی پاک بحریہ کی دیرینہ روایت جاری ہے، جس کا ثبوت بحرین، عراق، جمہوریہ جبوتی، سری لنکا اور ترکی کے کیڈٹس کی شمولیت ہے۔ انہوں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور باہمی ترقی کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔
تقریب کے دوران مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ مڈشپ مین محمد عزیر عباس کو مجموعی بہترین کارکردگی پر عزازی شمشیر سے نوازا گیا، جبکہ مڈشپ مین شہاب احمد نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔ پاکستان سے آفیسر کیڈٹ عمر مختار اور عراق سے آفیسر کیڈٹ الذھبی فہد حسام فرید کو چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈلز دیے گئے، جبکہ ایس ایس سی کورس کے آفیسر کیڈٹ سید سعد شاہد کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل دیا گیا۔ پروفیشنسی بینر کواٹرڈیک اسکواڈرن نے حاصل کیا۔
تقریب میں فوجی افسران، معززین اور کیڈٹس کے والدین نے بھی شرکت کی اور اس موقع پر پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور کیڈٹس کی تربیت کو سراہا گیا۔

