کراچی (06 فروری 2026) — پاکستان پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے انفارمیشن سیکریٹری اسد حنیف نے اسلام آباد میں امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی اور اسے ایک بزدلانہ، سفاک اور انسانیت سوز فعل قرار دیا۔
کراچی: دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد پانی کی فراہمی بحال
اسد حنیف نے کہا کہ عبادت میں مصروف بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا بدترین دہشت گردی ہے اور یہ اسلام کی اصل روح، اخلاقیات اور انسانیت پر براہِ راست حملہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کا نہ کوئی مذہب ہے اور نہ کوئی مسلک، کیونکہ اسلام امن، برداشت، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے سانحے میں شہید ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ اسد حنیف نے زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خلاف متحد ہے اور پاکستان کی مسلح افواج و سیکیورٹی ادارے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
