کراچی: چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت سیکریٹری کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تمام محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں جاب پورٹل، پینشن معاملات، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، آڈٹ پیراز اور دیگر اہم انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی کورنگی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ، 1155 ٹرینیز نے تربیت مکمل کر لی
چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ وہ تمام محکمے جنہوں نے تاحال جاب پورٹل پر ملازمتوں کے اشتہارات جاری نہیں کیے، وہ جنوری کے اختتام تک اشتہارات جاری کریں۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔
آصف حیدر شاہ نے محکمہ قانون، سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اور یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کو ہدایت کی کہ تمام سمریاں وزیر اعلیٰ سندھ کو ڈیجیٹل فارمیٹ میں ارسال کی جائیں۔
اجلاس میں وزیر اعظم کمپلینٹ سیل سے موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے پر بھی زور دیا گیا، جبکہ تمام سیکریٹریز کو ہدایت کی گئی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے پینشن کیسز ایک سال اور میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے کیسز چھ ماہ کے اندر نمٹائے جائیں۔ اس کے علاوہ تمام محکموں کو کمپلینٹ ریڈریسل مینجمنٹ مکینزم قائم کرنے اور دفاتر میں وقت کی پابندی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
انہوں نے تمام محکموں کو عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت اور مؤثر گورننس حکومتِ سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
