کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ شہر کراچی کو ایک منظم سسٹم کی حکمرانی نے یرغمال بنا رکھا ہے، جس کے باعث تاجر، سرمایہ کار اور بلڈرز شدید پریشانی کا شکار ہو چکے ہیں۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ تاجر برادری کھلے عام یہ شکوہ کر رہی ہے کہ شہر میں بھتہ خوری دوبارہ شروع ہو چکی ہے، جبکہ بھتہ خوروں کی جانب سے سرمایہ کاروں کو پرچیاں بھیجی جا رہی ہیں، جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھتہ خوری میں ملوث عناصر کے خلاف فوری طور پر ریڈ وارنٹس جاری کیے جائیں تاکہ ان کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جا سکے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ صوبہ سندھ میں سسٹم کی حکمرانی قائم ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں لوگوں کی زمینوں پر قبضے ہو رہے ہیں اور زمینوں کی جعلی فائلیں بنا کر شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر مؤثر اقدامات نہ کیے تو اس کے منفی اثرات نہ صرف کراچی بلکہ صوبے کی مجموعی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔
