اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور ڈکیت گروہ کے درمیان لیاقت آباد کے علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک انتہائی مطلوب اور خطرناک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ اس بات کی تصدیق ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر محمد عمران خان نے کی۔
نیو کراچی پولیس کی کارروائی گٹکا ماوا فروخت کرنے والا ملزم گرفتار
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت سنیل کے نام سے ہوئی ہے، جو ڈکیتی، اقدامِ قتل، منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کے 25 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم زخمی ہوا، جسے فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور شہریوں سے چھینے گئے طلائی زیورات برآمد کر لیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سینٹرل اور ویسٹ اضلاع میں سرگرم تھا اور بالخصوص خواتین اور فیملیز کو اسلحے کے زور پر لوٹنا اس کا آسان ہدف تھا۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لیاقت آباد میں ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی ڈکیتی میں بھی ملوث رہا، جس کا مقدمہ 11 ستمبر کو تھانہ لیاقت آباد میں درج کیا گیا تھا۔ مزید یہ کہ ملزم نے 30 اکتوبر کو گلبرگ کے علاقے میں بھی ایک واردات کے دوران کار سوار شہری سے طلائی زیورات چھینے اور فرار ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف ایس آئی یو میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھیوں کی گرفتاری اور مزید انکشافات کے لیے تفتیش کا عمل جاری ہے۔
