کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ اطلاع پر کھارادر میں کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث وصی اللہ لاکھو گروپ کے سرگرم رکن مبشر عرف مایا ولد عبدالکریم کو گرفتار کر لیا۔ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے دو موبائل فون، ایک موٹر سائیکل اور نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔
ڈیرہ غازی خان ضلع کچہری کے باہر فائرنگ دو افراد زخمی دو ملزمان گرفتار
ترجمان کے مطابق مبشر عرف مایا CIA کی مطلوب مجرموں کی فہرست میں شامل ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ وصی اللہ لاکھو نے ایف بی ایریا اور نیو کراچی کے ایک تاجر سے 50 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا۔
ملزم نے مزید بتایا کہ بھتہ نہ دینے پر وصی اللہ لاکھو کی ہدایت پر وہ اپنے ساتھی شیری کے ساتھ تاجر کے گھر اور فیکٹری کے باہر فائرنگ کرنے میں ملوث ہے، جس کی ویڈیو فوٹیج بھی موجود ہے۔
رینجرز کے مطابق بھتہ خوری میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزم کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے مشکوک افراد کی اطلاع قریبی رینجرز چیک پوسٹ، ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ 0347-9001111 پر دیں، اور ان کا نام صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔
