کراچی کے ضلع ویسٹ میں پولیس نے اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ کھاد برآمد کرلی اور دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایرانی میزائل حملے سے اسرائیل میں تباہی، بنکر بھی تباہ
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں منگھوپیر پولیس نے خفیہ اطلاع پر سندھ اور بلوچستان کے سرحدی باڈر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک مزدہ ٹرک کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران ٹرک سے 173 کاٹن غیر ملکی اور اسمگل شدہ کھاد برآمد ہوئی جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ٹرک میں موجود دو افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں پریم ولد ملوک جو ٹرک ڈرائیور ہے جبکہ لج پت ولد ملوک کنڈیکٹر کے طور پر گاڑی میں موجود تھا۔ دونوں ملزمان سندھ اور بلوچستان کے سرحدی راستوں کے ذریعے اسمگل شدہ کھاد کراچی منتقل کر رہے تھے۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اور برآمد شدہ سامان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کیا جائے گا تاکہ اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک کے دیگر عناصر تک بھی پہنچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس اسمگلنگ، منشیات اور دیگر جرائم کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی اور شہر میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
