پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ون ڈے فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے، جبکہ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج اس اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ایران اسرائیل کشیدگی: ایندھن بحران کا خدشہ
پاکستان اور بنگلادیش قومی کرکٹ ٹیم کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 11 سے 15 مارچ تک ڈھاکا میں واقع شیربنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کو آئندہ عالمی مقابلوں کی تیاری کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ٹیم کمبی نیشن کو حتمی شکل دینے اور نئے ٹیلنٹ کو آزمانے کا موقع ملے گا۔
15 رکنی قومی اسکواڈ
قومی اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسین طلعت، معاذ صداقت، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، محمد غازی، غوری سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا اور شامل حسین شامل ہیں۔
اہم پیش رفت کے طور پر سابق کپتان بابر اعظم اور جارح مزاج اوپنر صائم ایوب کو ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ٹیم کی نئی حکمت عملی اور کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جس پر کرکٹ حلقوں میں مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کی مشاورتی ملاقاتیں
سیریز کے اعلان سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کے کپتانوں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے سیریز کی تیاری، ممکنہ پلیئنگ الیون اور آئندہ ون ڈے ورلڈ کپ کے تناظر میں حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم میں تبدیلیوں اور نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے کے فیصلے انہی مشاورتوں کا نتیجہ ہیں۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا نے چیئرمین کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق جامع رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے ایونٹ میں ٹیم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ دیتے ہوئے کمزوریوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی روشنی ڈالی۔ ذرائع کے مطابق آئندہ عالمی ایونٹس میں بہتر نتائج کے لیے ٹیم کی تشکیل نو اور حکمت عملی میں تبدیلیاں زیر غور ہیں۔
سیریز کی اہمیت
ماہرین کرکٹ کے مطابق بنگلادیش کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر سیریز پاکستان کے لیے آسان نہیں ہوگی، کیونکہ بنگلادیشی ٹیم اپنی کنڈیشنز میں ہمیشہ مضبوط حریف ثابت ہوتی ہے۔ ایسے میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یہ سیریز خود کو ثابت کرنے کا سنہری موقع ہوگی، جبکہ ٹیم مینجمنٹ آئندہ عالمی ٹورنامنٹس سے قبل مضبوط اور متوازن کمبی نیشن ترتیب دینے کی کوشش کرے گی۔
شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ قومی ٹیم ڈھاکا میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرے گی اور مستقبل کے بڑے مقابلوں کے لیے اعتماد بحال کرے گی۔
