کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں بڑھتی ہوئی گاڑی چوری اور چھننے کی وارداتوں پر مؤثر قابو پانے کے لیے اے وی ایل سی اور نجی ٹریکر کمپنیوں کے درمیان تعاون مزید مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی اے وی ایل سی خالد مصطفیٰ کورائی نے آئی ٹیکنالوجی ٹریکر کمپنی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جو کمپنی کی جانب سے دی گئی خصوصی دعوت پر عمل میں آیا۔
کھارادر میں رینجرز کی کارروائی، وصی اللہ لاکھو گروپ کا اہم کارندہ مبشر عرف مایا گرفتار
کمپنی انتظامیہ نے ایس ایس پی خالد مصطفیٰ کورائی کو ٹریکر سسٹم کے ذریعے گاڑی کی لوکیشن، نشاندہی اور ریکوری کے مکمل طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ایس ایس پی نے ٹریکر کمپنی کے آپریشنز، ٹیکنیکل سسٹم اور ریسپانس میکانزم کا جائزہ لیا اور سسٹم کی بہتری کے لیے اہم تجاویز پیش کیں۔
کمپنی کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور نئے فیچرز کے ذریعے ریکوری کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پولیس اور کمپنی کے درمیان یہ اہم فیصلے کیے گئے:
گاڑی چوری یا چھننے کی اطلاع ملتے ہی ٹریکر کمپنی فوری طور پر خصوصی ایپ کے ذریعے اے وی ایل سی کو الرٹ بھیجے گی۔
موصول الرٹ فوری طور پر اے وی ایل سی کے ڈیٹا بیس میں شامل کیا جائے گا۔
سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنیکل ذرائع سے گاڑی کی ریکوری کو تیز کیا جائے گا۔
پولیس اور ٹریکر کمپنی کے درمیان ریسپانس ٹائم میں بہتری لائی جائے گی۔
ہر ماہ مشترکہ میٹنگ منعقد کی جائے گی تاکہ باہمی تعاون، مسائل اور پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔
شیلڈ اور سرٹیفکیٹس کی تقسیم
دورے کے دوران آئی ٹیکنالوجی کی جانب سے ایس ایس پی خالد مصطفیٰ کورائی کو باہمی تعاون کے اعتراف میں شیلڈ پیش کی گئی۔ اے وی ایل سی کے متعدد افسران کو بھی بہترین کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ کمپنی انتظامیہ نے پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور محنت کو سراہا۔
ایس ایس پی خالد مصطفیٰ کورائی نے کہا کہ پولیس اور نجی شعبے کے مضبوط اشتراک سے گاڑی چوری اور چھننے کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر، تیز اور نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔

