کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اسپیشل برانچ سندھ کے عشائیے میں شرکت کی، جس کا انعقاد اسپیشل برانچ کمپلیکس کیماڑی میں کیا گیا۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جیز کراچی، سی ٹی ڈی، آپریشن، ویلفیئر، ٹریننگ، ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹر، اسپیشل برانچ، ڈی جی سیف سٹی اتھارٹی سمیت دیگر افسران و ملازمین نے شرکت کی۔
کھارادر میں رینجرز کی کارروائی، وصی اللہ لاکھو گروپ کا اہم کارندہ مبشر عرف مایا گرفتار
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور اس میں آئی جی سندھ کے اقدامات پر مبنی مختصر دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ شہداء سندھ پولیس بالخصوص اسپیشل برانچ کے لیے فاتح خوانی کی گئی۔ اسپیشل برانچ سندھ کے او ایس ندیم قادری اور لیڈی پولیس اہلکار شمائلہ شاہ نے آئی جی سندھ کے اعزاز میں نظم و تقریر پیش کی۔
ڈی آئی جی اسپیشل برانچ سندھ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سال 2006 سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو بہترین افسر اور رول ماڈل کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ آئی جی سندھ کی قیادت میں کام کرنے سے پروفیشنلزم اور میرٹ کی اہمیت کو سمجھا گیا۔
آئی جی سندھ نے پولیس میں ہیلتھ انشورنس، پے اسکیل ریوو، آٹومیشن، پوائنٹ می، ٹاسک فورس اور دیگر جدید اصلاحات متعارف کروائیں، جن میں ویلفیئر کا بھی خصوصی کردار شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل برانچ نے چوری کے واقعات، منشیات فروشوں اور غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے تمام مہمانان گرامی اور شہداء کی فیملیز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ میں امن و امان کی بہتر صورتحال شہداء کے خون کی بدولت قائم ہے۔ انہوں نے اسپیشل برانچ کی ساخت کو مضبوط کرنے، ہیومن ریسورسز اپ گریڈ کرنے اور سیکورٹی نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی اسپیشل برانچ اور دیگر شرکاء نے آئی جی سندھ کو شیلڈ اور دیگر تحائف پیش کیے۔
