اسلام آباد: وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں جرمنی کی سفیر انا لیپل نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان کان کنی، توانائی اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں جرمن سیاسی و اقتصادی کونسلر جینین روہور بھی موجود تھیں۔
پاک کالونی پولیس کی کارروائی؛ اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو ملزمان گرفتار، اسلحہ و خنجر برآمد
جرمن سفیر انا لیپل نے کہا کہ پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی بین الاقوامی دلچسپی حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قدرتی وسائل اور مائننگ سیکٹر میں ترقی کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک کا منصوبہ عالمی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم ٹیسٹ کیس ثابت ہوگا، جبکہ جیالوجیکل سروے آف پاکستان اور جرمن فیڈرل انسٹی ٹیوٹ برائے جیو سائنسز اینڈ نیچرل ریسورسز کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت پائیدار اور میکانائزڈ کان کنی کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے لیے فعال اقدامات کر رہا ہے، جو ملک کے ڈی کاربنائزیشن اور گرین ٹرانزیشن اہداف کے لیے نہایت اہم ہیں۔
دونوں فریقین نے توانائی اور مائننگ کے شعبوں میں آگے بڑھ کر مضبوط شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
