حیدرآباد (پ۔ر) کراچی ایڈیٹرز کلب کے صدر اور روزنامہ پاکستان کے ایڈیٹر مبشر میر نے کہا ہے کہ معصومۂ سندھ کے روضۂ اطہر کی تعمیر میں جاری سُست روی انتہائی قابلِ تشویش عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام کا طویل عرصے تک بغیر کسی وجہ کے بند رہنا سرکاری منصوبے میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے عناصر کو مزید سازشیں کرنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔
آئی جی سندھ کی زیر صدارت “سندھ پولیس گیمز 2025” کے انتظامات کا جائزہ اجلاس
مبشر میر نے یہ بات اگھم کوٹ میں روضۂ اطہر کے معائنہ کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ طویل تعطل کے باعث شرپسند عناصر دوبارہ جعلی قبور بنانے کا سلسلہ شروع کر چکے ہیں، اور اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو سرکاری تعمیراتی عمل مزید مشکلات کا شکار ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ سندھ، خصوصاً محکمۂ اوقاف کو اس معاملے کا فوری اور سنجیدہ نوٹس لینا چاہیے تاکہ روضے کی تعمیر میں دانستہ تاخیر کے حربوں کو روکا جا سکے۔
اس موقع پر زائرین خدمت کمیٹی اگھم کوٹ کے سربراہ سید منظر نقوی، سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ عباد الحسین، زوار عبدالستار درس اور دیگر بھی مبشر میر کے ہمراہ موجود تھے۔
محکمۂ اوقاف سندھ کے خادم یار محمد لنجوانی اور غلام حیدر لغاری نے مبشر میر کو سرکاری تعمیراتی عمل میں رکاوٹوں اور تاخیری حربوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

