کراچی (رپورٹ) — پاکستان پیپلز پارٹی ضلع وسطی کی جانب سے شب برات کے موقع پر ضلع بھر کے مختلف قبرستانوں میں زائرین کی سہولت کے لیے کیمپ لگائے گئے۔
ضلعی عہدیداران جن میں صدر سردار خان، توقیر احمد، نیاز خان، راؤ زکا اور دیگر شامل تھے، نے تمام استقبالیہ کیمپس اور سبیلوں کا دورہ کیا اور زائرین کے لیے چائے، شربت اور دیگر لوازمات فراہم کیے۔
کیمپس سخی حسن قبرستان، پاپوش نگر قبرستان، یاسین آباد قبرستان، خاموش کالونی، محمد شاہ، سی ون ایریا لیاقت آباد، زرینہ کالونی نارتھ کراچی اور صدیق آباد نیو کراچی میں قائم کیے گئے۔
صدر ضلع وسطی سردار خان نے کہا کہ کیمپس کا مقصد زائرین کی آسانی اور عبادات میں سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ کیمپ کے کارکنان زائرین کو رہنمائی اور سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔
ضلعی عہدیدار توقیر احمد نے کہا کہ شب برات میں ملک کی سلامتی و استحکام اور عالم اسلام کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، اور زائرین کی عبادت کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لیے عوام سے اپیل کی گئی کہ آتش بازی، پٹاخے اور دیگر ناجائز سرگرمیوں سے اجتناب کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے اور پاکستان کی سلامتی اور اسلام کی سربلندی کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رہے گی۔

