کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ جاب پورٹل کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا یہ اقدام روزگار کے حصول کے عمل کو شفاف، منصفانہ اور آسان بنانے کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ جاب پورٹل کے آغاز کے لیے میں نے ایک درجن سے زائد اجلاس منعقد کیے، تاکہ ایک ایسا نظام تیار کیا جائے جو شفاف بھی ہو اور عوام کے لیے سہل بھی ہو۔
حب کینال بندش سے کراچی کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی، واٹر کارپوریشن نے شہریوں سے احتیاط کی اپیل کردی
مراد علی شاہ نے کہا کہ “یہ پورٹل مستقبل کے لیے ہے، جس کا مقصد میرٹ کو فروغ دینا ہے۔ ایک نٹ یا بولٹ بھی اگر خراب ہو تو پوری مشین بیٹھ جاتی ہے، لہٰذا روزگار کے نظام کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ضروری ہے۔” انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں میں جونیئر کلرک جیسی پوسٹس کے لیے امیدواروں کو بار بار الگ الگ ٹیسٹ دینا پڑتے تھے، جو ایک مشکل عمل تھا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اب سندھ جاب پورٹل کے ذریعے ایک ہی ٹیسٹ تمام محکموں کے لیے کارآمد ہوگا۔ گریڈ 5 سے 15 تک کے امیدواروں کے لیے تعلیمی معیار میٹرک سے گریجویشن تک مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ٹیسٹنگ کے لیے آئی بی اے کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ “آئی بی اے کے ٹیسٹنگ سسٹم پر سب کا اعتماد ہے، حتیٰ کہ عدالتی بھرتیاں بھی اسی نظام کے تحت کی جاتی ہیں،” انہوں نے کہا۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ پورے سندھ سے 10 لاکھ سے زائد امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں، اور پہلے ٹیسٹ کی فیس جو 750 روپے تھی، وہ اب حکومت سندھ ادا کرے گی تاکہ مستحق امیدواروں پر مالی بوجھ نہ پڑے۔
