ریاض: سعودی عرب نے سال 2025 کے دوران بیرونِ ملک سے آنے والے تقریباً دو کروڑ حجاج اور معتمرین کی میزبانی کر کے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔ سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق سعودی قومی مرکز برائے کارکردگیِ سرکاری ادارہ جات (اداء) نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ 2025 کے دوران ایک کروڑ 95 لاکھ غیر ملکی حجاج و عمرہ زائرین کو خدمات فراہم کی گئیں۔
گورنر سندھ کا بڑا فیصلہ: کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کے خلاف صوبائی محتسب کا حکم کالعدم قرار
رپورٹ کے مطابق زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات پر مجموعی اطمینان کی شرح 90 فیصد سے زائد رہی۔ زائرین کی خدمت کے پروگرام کے تحت حجاج میں خدمات پر اطمینان کی شرح 91 فیصد جبکہ معتمرین میں یہ شرح 94 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ “اداء” کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اعداد و شمار نہ صرف منصوبہ بندی اور انتظامی کارکردگی کے اعلیٰ معیار کا ثبوت ہیں بلکہ 60 سے زائد سرکاری و متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے مربوط اور مؤثر خدمات کی فراہمی کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔
سعودی حکام کے مطابق حجاج و معتمرین کی سہولت، سلامتی، رہائش، نقل و حمل اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کیا گیا، جس کے مثبت نتائج عالمی سطح پر تسلیم کیے جا رہے ہیں۔
