کراچی: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں صوبے میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی مؤثر روک تھام سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، اسپیشل برانچ، آپریشنز و ٹریننگ، ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ و ہیڈکوارٹرز، اے آئی جیز سمیت دیگر سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء کو اے آئی جی آپریشنز کی جانب سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کی روک تھام کے لیے کیے گئے پولیس اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سنگین جرائم، اسٹریٹ کرائم، منظم جرائم، قبائلی تنازعات، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور دیگر اہم جرائم کی روک تھام پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔
اجلاس میں جرائم کی روک تھام، تفتیش و تحقیقات اور تقابلی جائزے پر مبنی اقدامات سے متعلق سفارشات طلب کی گئیں، جبکہ اضلاع اور یونٹس کی کارکردگی کو مزید بہتر اور زیادہ جواب دہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔
فیصلہ کیا گیا کہ افسران کی کارکردگی کا جائزہ جرائم کے خلاف کیے گئے عملی اقدامات اور حاصل شدہ نتائج کی بنیاد پر لیا جائے گا۔ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی پر سخت جواب طلبی عمل میں لائی جائے گی۔
آئی جی سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، قانون کی بالادستی اور صوبے میں پائیدار امن کا قیام سندھ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
