کراچی: فائر سیفٹی انتظامات کی سنگین خلاف ورزی پر صدر کے علاقے میں واقع دو بڑی مارکیٹیں سیل کر دی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کے مطابق سیل کی جانے والی دونوں مارکیٹوں میں 200 سے زائد دکانیں قائم تھیں، تاہم وہاں آگ بجھانے کے لیے کوئی مؤثر انتظامات موجود نہیں تھے۔
ڈی سی ساؤتھ نے بتایا کہ فائر سیفٹی انتظامات مکمل ہونے تک یہ مارکیٹیں بدستور سیل رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں مارکیٹوں کو پہلے ہی نوٹس جاری کیے جا چکے تھے، مگر انتظامیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جنوبی کی تمام مارکیٹوں کا جامع سروے جاری ہے اور جن مارکیٹوں میں فائر سیفٹی انتظامات نہیں ہوں گے، انہیں وارننگ کے بعد سیل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کی تمام بڑی مارکیٹوں میں فائر سیفٹی انتظامات کا فوری سروے مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور فائر سیفٹی قوانین پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
