نوابشاہ: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے نائب وزیرِاعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی۔ حکومتی وفد خصوصی جہاز کے ذریعے نوابشاہ پہنچا اور صدرِ مملکت کی خیریت دریافت کی۔
اسکیم 33: قبضہ مافیا کا اسسٹنٹ کمشنر اور انسداد تجاوزات ٹیم پر حملہ، مقدمہ درج
ذرائع کے مطابق ملاقات نہایت خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے صدر زرداری کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس اور عالمی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے رہنماؤں کے حالیہ بیانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا خصوصی پیغام بھی صدر زرداری کو پہنچایا گیا۔ صدر زرداری نے مسکراتے ہوئے کہا: "ایاز صادق صاحب، آپ کے ہوتے ہوئے بھی دیکھیں کیا ہورہا ہے، ڈار صاحب بھی ہمیشہ افہام و تفہیم کی بات کرتے ہیں تو اب ایسا کیا ہوا۔ اپنے دوستوں کو کہیں سوچ سمجھ کر بیانات دیا کریں، میں بھی اپنی پارٹی رہنماؤں کو سمجھاؤں گا کہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔”
صدر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کے خاطر مسلم لیگ ن کے ساتھ تعاون کر رہی ہے اور نہیں چاہتی کہ سخت بیانات کی وجہ سے معاملات خراب ہوں۔ حکومتی وفد نے یقین دہانی کرائی کہ ن لیگ کی طرف سے اب کوئی متنازعہ بیان سامنے نہیں آئے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان کشیدگی ختم کرنے اور آئندہ سخت بیانات نہ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ بعد ازاں نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور اسپیکر ایاز صادق اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے ملاقات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔
