اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جنوری 2023 میں ملک بھر میں ہونے والے بڑے پاور بریک ڈاؤن کی تحقیقات مکمل کر کے کے الیکٹرک پر 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔
کے الیکٹرک پر نیپرا کا 2 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ، 2023 کے بڑے پاور بریک ڈاؤن پر تحقیقات مکمل
نیپرا کے فیصلے کے مطابق کے الیکٹرک اپنی آپریشنل ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی۔ کمپنی کی جانب سے دی گئی وضاحتیں غیر تسلی بخش قرار دی گئیں اور پاور بریک ڈاؤن کے جواز فراہم کرنے میں ناکام رہیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بریک ڈاؤن کی مکمل ذمہ داری صرف نیشنل گرڈ پر ڈالنا درست نہیں۔ کے الیکٹرک کے اپنے سسٹم میں موجود کمزوریاں، تکنیکی خامیاں اور حفاظتی نظام کی ناکامی بھی بحران کا بڑا سبب بنی۔ بلیک اسٹارٹ پلانٹس کی تیاری اور کارکردگی ناکافی رہی جبکہ متعدد ٹرپنگ واقعات سے واضح ہے کہ حفاظتی اقدامات مؤثر نہیں تھے۔
اتھارٹی نے کے الیکٹرک کو 15 روز کے اندر جرمانے کی رقم جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ فیصلہ سناتے ہوئے بتایا گیا کہ نیپرا نے کے الیکٹرک کو جواب دہی کا بھرپور موقع دیا۔ ابتدائی سماعت 14 نومبر 2024 کو طے تھی جو کے الیکٹرک کی درخواست پر مؤخر ہوئی۔ بعد ازاں 20 مارچ 2025 کو نیپرا ہیڈ آفس اسلام آباد میں سماعت مکمل کی گئی، جس کے بعد یہ فیصلہ جاری ہوا۔
