اسکیم 33: قبضہ مافیا کا اسسٹنٹ کمشنر اور انسداد تجاوزات ٹیم پر حملہ، مقدمہ درج

کراچی: اسکیم 33 میں زمین واگزار کرانے کی کارروائی کے دوران قبضہ مافیا نے اسسٹنٹ کمشنر اور انسداد تجاوزات ٹیم پر حملہ کر دیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ سائٹ سپرہائی وے تھانے میں درج کر لیا۔

تھانہ بلال کالونی پولیس کی کارروائیاں: گٹکا ماوا فروش اور موٹر سائیکل چور گرفتار

ایف آئی آر کے مطابق کارروائی ڈپٹی کمشنر ویسٹ کے حکم پر سائٹ لمیٹڈ کی زمین واگزار کرانے کے لیے کی گئی، جس میں نمائندہ سائٹ لمیٹڈ، اینٹی انکروچمنٹ فورس اور ضلعی پولیس بھی شریک تھی۔

جب ٹیم گبول گوٹھ کے عقب میں پہنچی تو تقریباً 200 مسلح افراد لاٹھیوں، ڈنڈوں، پتھروں اور اسلحے کے ساتھ پہنچ گئے اور کارِ سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے حملہ کر دیا۔

حملہ آوروں نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی پر پتھراؤ کیا جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جبکہ ڈرائیور اور پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ قبضہ مافیا نے ٹیم کو روکنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ ایک گھنٹے کی مزاحمت کے باوجود زمین واگزار نہ کرائی جا سکی۔

پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں 13 نامزد افراد سمیت 200 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ نامزد ملزمان میں اصغر کورائی، امان پٹھان، قاری یونس، قاری فیاض، نوراللہ گبول، وزیر گبول، منصور کورائی، یاسین سرائیکی، حامد بگٹی، عثمان پٹھان، احمد کورائی، نوراللہ مسعود اور مولوی غفران شامل ہیں۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

One thought on “اسکیم 33: قبضہ مافیا کا اسسٹنٹ کمشنر اور انسداد تجاوزات ٹیم پر حملہ، مقدمہ درج

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!