کراچی (اسٹاف رپورٹر) — چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے سندھ ایمپلائز الائنس کے وفد نے حاجی اشرف خاصخیلی کی سربراہی میں ملاقات کی، جس میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن اور ڈپٹی کمشنر سائوتھ بھی شریک ہوئے۔
شرافی گوٹھ پولیس کا کامیاب آپریشن، اسلحہ و منشیات سمیت 4 ملزمان گرفتار
ترجمان چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق ملاقات چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر منعقد ہوئی، جس میں سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں پنشن اصلاحات، ڈی آر اے الاؤنس، گروپ انشورنس اور دیگر مطالبات پر غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چیف سیکریٹری سندھ نے وزیر اعلیٰ سندھ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ملازمین کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ پیر کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں یہ ایجنڈا شامل کیا جائے گا۔
چیف سیکریٹری نے بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی نے بھی ملازمین کے مسائل کا نوٹس لیا ہے۔ اس موقع پر سندھ ایمپلائز الائنس نے 6 اکتوبر کو ہونے والا دھرنا موخر کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ تمام ملازمین کل سے اپنے دفاتر میں حاضر ہوں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جائے گی، جس میں سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری تعلیم اور سیکریٹری قانون شامل ہوں گے، جبکہ سندھ ایمپلائز الائنس کے چار نمائندے بھی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے مسائل حکومت کی اولین ترجیح ہیں، اور چیف سیکریٹری ہونے کے ناطے میری ذمہ داری ہے کہ ان کے جائز مسائل سے حکومت کو آگاہ کروں۔
