کراچی (کرائم رپورٹر) — شہر قائد میں انتہائی مطلوب بھتہ خوروں کی ہلاکت کے بعد گینگ وار گروہ شدید دباؤ اور بدحواسی کا شکار ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اسی سلسلے میں گزشتہ روز ملیر سٹی کے علاقے میں دہشت پھیلانے کے لیے موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے ایک دفتر پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
ماڈل کالونی پولیس کی کارروائی، غیرقانونی اسلحہ برآمد، ملزم گرفتار
واقعے کی ایف آئی آر ملیر سٹی تھانے میں بھتہ خوری کی دفعات کے تحت درج کر لی گئی ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے ایک انٹرنیشنل نمبر سے کال کر کے ایک ہفتے میں پانچ کروڑ روپے بھتہ دینے کی دھمکی دی اور نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج بھگتنے کا انتباہ کیا۔
مدعی کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں گینگ وار کے کارندے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
حکام کے مطابق چند روز قبل لیاری گینگ وار کے وصی لاکھو گروہ کے دو کارندے پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے، جس کے بعد ان کے ساتھی خوف و بدحواسی کا شکار ہیں اور پولیس افسران کو بھی فون پر دھمکیاں دے چکے ہیں۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ گینگ وار اور بھتہ خور عناصر کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

