کراچی: ایس ایس یو اور انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن کے باہمی تعاون سے منعقد ہونے والی معرکہ حق تیسری پولیس ایکسٹریم ہینڈگن چیمپئن شپ 2025 کی اختتامی تقریب ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کراچی میں منعقد ہوئی۔
کیماڑی پولیس کی کامیاب کارروائی، ہاؤس رابری میں ملوث ملزم اور سہولت کار گرفتار
تقریب میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، بیوروکریٹس، مختلف ممالک کے معززین، سینئر و ریٹائرڈ پولیس افسران اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔
کمانڈنٹ ایس ایس یو عامر خان نیازی اور ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے اپنے خطابات میں کھیلوں کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے ایس ایس یو کی اعلیٰ تربیت، آئی ایس او سرٹیفیکیشن اور فول پروف سیکیورٹی اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے مقابلے نہ صرف پولیس کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں بلکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔
چیمپئن شپ میں 59 سویلینز، 49 قانون نافذ کرنے والے اہلکار اور 6 خواتین نے حصہ لیا۔
-
لاء انفورسمنٹ ٹیم کیٹیگری: انٹیلی جنس بیورو، ایس ایس یو (SWAT) اور ASF اسلام آباد نے بالترتیب پہلی تین پوزیشنز حاصل کیں۔
-
لاء انفورسمنٹ پرسنل انفرادی کیٹیگری: شیراز آخوند (ایس ایس یو)، عبد الرحمن (ASF) اور عامر خان (سندھ پولیس) نمایاں رہے۔
-
سویلین کیٹیگری: فضل سبحان، عماد الحق اور نادر علی نے پہلی تین پوزیشنز حاصل کیں۔
-
خواتین کیٹیگری: طیبہ ظفر (ایس ایس یو)، نمرا (ایس ایس یو) اور سمینہ بی بی (ASF) فاتح رہیں۔
اختتامی تقریب میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے فاتحین میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے، جبکہ منتظمین کو شیلڈز اور سووینئرز بھی پیش کیے گئے۔
