کراچی: (ہینڈ آؤٹ) صوبائی محتسب سندھ اور ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈولپمنٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب صوبائی محتسب سندھ کے صدر دفتر میں منعقد ہوئی۔
ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں معرکہ حق تیسری پولیس ایکسٹریم ہینڈگن چیمپئن شپ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب
تقریب میں صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت، سیکریٹری منصور عباس رضوی، ڈی جی ون نسیم الدین میرانی، ایڈوائزر ریحانہ جی علی میمن، رجسٹرار مسعود عشرت، ڈائریکٹر کلائمیٹ اینڈ ڈزاسٹر جسٹس یونٹ امداد حسین صدیقی، کنسلٹنٹ آئی ٹی اکمل نسیم، ہیلپنگ ہینڈز کے کنٹری ڈائریکٹر محمد سلیم، ریجنل مینجر علی محمد پٹھان، ڈائریکٹر پروگرامز امجد محمود امجد سمیت دیگر افسران و نمائندگان شریک ہوئے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت ہیلپنگ ہینڈز فار ریلیف اینڈ ڈولپمنٹ صوبائی محتسب سندھ کے دفاتر سے متعلق عوامی آگاہی میں تعاون کرے گا۔ اس مقصد کے لیے ادارے کی جانب سے صوبائی محتسب کے 19 ضلعی دفاتر کو 2600 پینا فلیکس اور 10 ہزار اسٹیکرز فراہم کیے گئے۔ ایم او یو پر دستخط ڈی جی ون صوبائی محتسب سندھ نسیم الدین میرانی اور ہیلپنگ ہینڈز کے کنٹری ڈائریکٹر محمد سلیم نے کیے۔
محمد سلیم نے اس موقع پر کہا کہ ہیلپنگ ہینڈز 2005 سے فعال ہے اور 63 ممالک میں اس کا نیٹ ورک موجود ہے، تاہم پاکستان ان کے ادارے کا خاص فوکس ہے جہاں وہ ڈفرنٹلی ایبل افراد، یتیم اور دیگر سماجی مسائل پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب سندھ کے ساتھ شراکت داری ان کے ادارے کے لیے باعث اعزاز ہے کیونکہ عوامی شکایات کے مفت ازالے کی سہولت قابلِ تحسین اقدام ہے۔
صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے ہیلپنگ ہینڈز کے تعاون پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے عوامی فلاح و انصاف کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں اور امید ہے کہ یہ تعاون عوام کے لیے مثبت نتائج لائے گا۔ بعدازاں ڈائریکٹر کلائمیٹ اینڈ ڈزاسٹر جسٹس یونٹ امداد حسین صدیقی نے ہیلپنگ ہینڈز کی جانب سے فراہم کردہ سامان وصول کیا۔
